Thursday, March 14, 2013

سام سنگ ایس فور متعارف کرنے کے لیے تیار



جنوبی کوریائی کی کمپنی سام سنگ جمعرات کو اپنا نیا سمارٹ فون متعارف کروا رہی ہے
توقعات کے مطابق اس فون کا نام گیلیکسی ایس فور ہو گا۔ یہ فون ایس تھری ماڈل کے بعد آ رہا ہے، جس کے اب تک چار کروڑ سے زیادہ سیٹ فروخت ہو چکے ہیں۔گلیکسی فون ایپل کے آئی فون کے بعد دوسرے مقبول ترین سمارٹ فون ہیں۔
ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ گیلیکسی ایس فور میں ’آئی ٹریکنگ‘ سافٹ ویئر ہو گا جو اس بات کو بھانپ لے گا کہ صارف سکرین پر کہاں دیکھ رہا ہے اور خودکار طریقے سے چھوئے بغیر صفحے کو سکرول کرنا شروع کر دے گا۔
اس کے علاوہ توقع ہے کہ اس فون میں زیادہ طاقتور پروسیسر اور کیمرا نصب ہو گا۔
جمعرات کو نیویارک میں ہونے والی لانچنگ سے قبل سام سنگ نے زبردست تشہیری مہم چلائی ہے۔ ٹی وی پر اشتہاروں میں ایک بچہ دکھایا جا رہا ہے جو ایک ’ٹاپ سیکرٹ‘ ڈبے کی طرف دیکھ رہا ہے۔
ایس تھری کی طرح ایس فور بھی گوگل کے اینڈروئڈ سسٹم پر چلے گا، تاہم ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ سام سنگ یہی سسٹم استعمال کرنے والی دوسری کمپنیوں سے ممتاز نظر آنے کے لیے اس سسٹم کو خاصا بدل دے گی۔
تاہم ماہرین کہتے ہیں کہ سام سنگ کو مستقبل میں زیادہ کامیابی حاصل کرنے کے لیے سمارٹ فون کے علاوہ ٹیبلٹ کی مارکیٹ کا زیادہ حصہ لینا پڑے گا۔
ٹیکنالوجی ریسرچ کمپنی گارٹنر کی تجزیہ کار رابرٹا کوزا کہتی ہیں کہ سام سنگ کے لیے اپنے فون کے لیے صارفین کی زیادہ وفاداری حاصل کرنے کے لیے یہ ضروری ہے۔ایپل کے برعکس، جہاں آئی فون استعمال کرنے والے اکثر صارفین ایپل ہی کا آئی پیڈ خرید لیتے ہیں، سام سنگ کے پاس یہ سہولت دستیاب نہیں ہے۔
سیم سنگ نے ایس فور کی لانچنگ سے پہلے زبردست تشہیری مہم چلائی ہےکوزا کہتی ہیں، ’ایس تھری کو پہلے ہی آئی فون کی ٹکر کا فون سمجھا جاتا ہے، (لیکن) ایپل آئی پیڈ کے ساتھ جس طرح کی ہم آہنگی فراہم کرتا ہے، وہ سام سنگ کے فون میں مفقود ہے۔گیلیکسی ایس تھری فون میں پہلے ہی آئی ٹریکنگ کی صلاحیت موجود ہے۔ جب کوئی ایس تھری کی سکرین کو دیکھ رہا ہوتا ہے تو فون کی سکرین مدھم نہیں پڑتی۔
اس کی وجہ سے توقع کی جا رہی ہے کہ سام سنگ اس ٹیکنالوجی کو مزید پھیلا کر اسے سکرولنگ کے بھی استعمال کرے گی۔اس کے علاوہ نیویارک ٹائمز اخبار نے لکھا ہے کہ سام سنگ نے اس سال دو ایسے پیٹنٹ فائل کیے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کے پاس آئی سکرولنگ کی ٹیکنالوجی موجود ہے۔
کوزا نے پیش گوئی کی ہے کہ سام سنگ فون کے ڈسپلے میں بھی کوئی نئی چیز متعارف کروائے گی۔ وہ کہتی ہیں، ’میرا خیال ہے کہ وہ ڈسپلے میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کریں گے، اور کوئی مختلف چیز پیش کروائیں گے۔‘ایپل نے حال ہی میں بعض غلط قدم اٹھائے ہیں، جس سے اس کے حصص میں گراوٹ آئی ہے۔ سام سنگ کے لیے یہ موقع ہے کہ وہ اس نئے فون کی مدد سے آئی فون پر مزید دباؤ ڈال سکے۔
کوزا کا کہنا ہے، ’یہ بہت اہم فون ہے، سام سنگ ایسے موڑ پر آ گئی ہے جہاں وہ ایپل کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔‘
وہ کہتی ہیں، ’تمام نظریں اس فون پر مرکوز ہیں۔‘

اسی بارے میں


No comments: