Wednesday, September 25, 2013

بغیر پائلٹ والے ایف سولہ کا کامیاب تجربہ


امریکی کمپنی بوئنگ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ایک پرانے ایف سولہ طیارے کو ڈرون میں تبدیل کردیا ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کے ایک ایف سولہ طیارے کے ڈرون نے پچھلے ہفتے کامیاب پرواز کی ہے۔کمپنی کے مطابق اس ڈرون کو امریکی فضائیہ کے دو پائلٹوں نے کنٹرول کیا اور اس نے فلوریڈا ایئر فورس بیس سےخلیج میکسیکو تک پرواز کی۔ اس ڈرون نے چالیس ہزار فٹ کی بلندی اور 1119 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کی۔اس ڈرون نے وہ تمام کرتب کیے جو کوئی بھی پائلٹ جنگی جہاز پر کرتا ہے جن کی ضرورت میدانِ جنگ میں پڑ سکتی ہے۔ اس ڈرون ایف سولہ طیارے کا تعاقب دو جہازوں نے کیا تاکہ اس ڈرون پر نظر رکھی جاسکے۔ اس کے علاوہ اس ڈرون میں ایسا نظام بھی نصب کیا گیا تھا کہ اگر ڈرون بے قابو ہو جائے تو خود ہی تباہ ہو جائے۔
کمپنی کے مطابق اس ڈرون نے نائن جی یعنی نو گنا کشش ثقل میں کرتب کیے جو کہ اگر پائلٹ کرے تو اس کو دشواری پیش آتی ہے۔امریکی فوج اب ان ڈرونز پر لائیو فائرنگ کے تجربہ کرے گی۔
بوئنگ کا کہنا ہے کہ اس نے چھ ایف سولہ طیاروں کو ڈرون کے لیے تبدیل کیا ہے اور ان کا نام کیو ایف سولہ رکھا گیا ہے۔جس ایف سولہ طیارے کو ڈرون میں تبدیل کیاگیا ہے وہ ایریزونا میں پچھلے پندرہ سال سے نمائش کیلئے رکھا ہوا تھا۔

No comments: